تشکر نیوز کراچی: مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ پاکستان میں شفاف انتخابات کے تسلسل سے ہی ملک میں استحکام ممکن ہے۔ وہ اپنی رہائش گاہ پر سینئر صحافیوں کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں گفتگو کر رہے تھے۔
تھانہ میمن گوٹھ پولیس کی بروقت کارروائی، 3 ملزمان گرفتار
آفاق احمد نے کہا کہ 1971 کے بعد پاکستان میں کوئی انتخاب شفاف نہیں ہوا، اور عوام کے ووٹوں کا احترام کرنے کے بجائے نتائج بند کمروں میں تیار کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 25 کروڑ عوام کے مستقبل کے فیصلے بند کمروں میں کرنے کی روش کو ختم ہونا چاہیے تاکہ عوام اپنے ووٹ کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کر سکیں۔
انہوں نے موجودہ سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج کے دوران وفاقی حکومت کا عمران خان اور پی ٹی آئی کے خلاف رویہ وہی ہے جو 1971 میں بھٹو کا مجیب الرحمان کے خلاف تھا، جو کہ مناسب نہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ پنجاب کو عمران خان سے مذاکرات کو انا کا مسئلہ نہیں بنانا چاہیے اور مسائل کو گفت و شنید کے ذریعے حل کرنا چاہیے۔
آفاق احمد نے پیپلز پارٹی کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مہاجروں کے لیے ملازمتوں اور تعلیم کے مواقع بند کرنا مہاجر دشمنی کی انتہا ہے، اور یہ رویہ مہاجروں کو علیحدہ صوبے کی طرف دھکیل رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ طاقت کے استعمال سے بہتر ہے کہ معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے، کیونکہ یہی راستہ ملک کو ترقی اور استحکام کی طرف لے جا سکتا ہے۔
