کراچی (اسٹاف رپورٹر) – صوبائی وزیر توانائی سندھ سید ناصر حسین شاہ نے نادیہ بلوچ کی زیر قیادت "ناڈوز بیوٹی سیلون اینڈ ووکیشنل انسٹیٹیوٹ” کی تقسیم اسناد کی تقریب میں شرکت کی اور خواتین کی ہنر مندی کے پروگرام کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو ہنر مند بنانا نہ صرف ان کی زندگی کے معیار کو بہتر بناتا ہے بلکہ یہ پورے معاشرے اور نسل کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔ نادیہ بلوچ کی طرف سے کی جانے والی تربیت کی کامیابی پر ناصر حسین شاہ نے ان کی ستائش کی اور کورس مکمل کرنے والی خواتین کو مبارکباد دی۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کا کرسمس سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے چرچوں کا دورہ
ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت خواتین کے حقوق اور ترقی کے لئے مکمل طور پر پُرعزم ہے اور فری لون پروگرام کی مدد سے سندھ بھر کی خواتین کو خود کفیل بنانے کے لئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت دیہی علاقوں میں 12 لاکھ سے زائد خواتین مستفید ہو رہی ہیں، اور اب یہ پروگرام پورے صوبے میں نافذ کیا جائے گا۔
خواجہ اظہار الحسن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین معاشرتی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں اور پیپلزپارٹی ہر سطح پر خواتین کو سپورٹ فراہم کرے گی تاکہ وہ ہر میدان میں آگے آئیں۔
نادیہ بلوچ نے اس موقع پر خواتین میں اسناد اور انعامات تقسیم کیے، اور پروگرام کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔