کراچی: یونیورسٹی روڈ پر پانی کی 84 انچ ڈایا لائن کا مرمتی کام کل سے شروع ہونے جا رہا ہے، جو 3 دسمبر کی صبح 8 بجے سے شروع ہو گا اور تقریباً 72 گھنٹوں تک جاری رہے گا۔ ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق، اس مرمتی کام کے دوران شہر کو یومیہ 150 ایم جی ڈی پانی کی کمی کا سامنا ہو گا، تاہم 500 ایم جی ڈی پانی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری رہے گی۔
بلال کالونی پولیس کی کارروائی، ناکاش گینگ کے دو ملزمان گرفتار
مرمتی کام کے باعث لیاری، کلفٹن، گلشن اقبال، جمشید ٹاؤن، اور اولڈ سٹی ایریا میں پانی کی فراہمی معطل رہے گی۔ علاوہ ازیں، واٹر کارپوریشن کے لانڈھی اور شیرپاؤ ہائیڈرنٹس بھی بند رہیں گے، اور ان جگہوں پر آن لائن ٹینکرز سروس معطل ہو جائے گی۔ تاہم، نیپا، سخی حسن، صفورہ کرش پلانٹ ون اور ٹو ہائیڈرنٹس سے معمول کے مطابق ٹینکرز سروس فراہم کی جائے گی۔
سی ای او واٹر کارپوریشن نے شہریوں کی پریشانی کو مدنظر رکھتے ہوئے مرمتی کام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایات دی ہیں، اور کام 24 گھنٹے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ مقررہ وقت پر مرمت مکمل کی جا سکے۔
ترجمان نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ پانی کا ذخیرہ کریں اور اسے احتیاط سے استعمال کریں تاکہ کسی بھی پریشانی سے بچا جا سکے۔
