تشکر نیوز: بلوچستان کے ضلع دکی میں دکی بچاو تحریک کی جانب سے ایک عظیم الشان ریلی نکالی گئی جس میں علاقے کے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ یہ ریلی دکی شہر کے مختلف علاقوں سے گزرتی ہوئی مرکزی سڑکوں پر نکالی گئی اور اس کا مقصد دہشتگردی کے خاتمے، امن و امان کی بحالی اور پاک فوج، ایف سی، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار تھا۔
سعودی عرب سے متعلق بشریٰ بی بی کا بیان پاکستان کیساتھ دشمنی ہے: وزیر اعظم
ریلی کے شرکاء نے پاکستان کے قومی پرچم کے ساتھ ساتھ مختلف بینرز اور پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر قومی یکجہتی اور امن کے پیغامات درج تھے۔ اس دوران شرکاء کی جانب سے "پاکستان زندہ باد” اور "پاک فوج زندہ باد” کے نعرے لگائے گئے، جو اس بات کا غماز تھا کہ دکی کی عوام اپنے وطن اور فوج کے ساتھ مکمل طور پر یکجہتی کا اظہار کر رہی ہے۔
ریلی میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ دکی کے عوام دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج، ایف سی اور پولیس کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ عوام دکی کی ایک بڑی تعداد محب وطن ہے اور دہشتگردوں کے اثر و رسوخ کو اپنے علاقے میں ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
مقررین نے مزید کہا کہ دکی کے عوام نے ہمیشہ اپنے وطن کی حفاظت کی ہے اور انہیں کسی بھی بیرونی یا داخلی قوت کی طرف سے ملک کے خلاف ورغلایا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے حکومت اور فوج سے مطالبہ کیا کہ علاقے میں دہشتگردی کی کارروائیوں کے خاتمے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں اور امن و سکون کی بحالی کے لیے ضروری وسائل فراہم کیے جائیں۔
ریلی کے اختتام پر شرکاء نے یکجہتی اور امن کے پیغامات کے ساتھ اپنے گھروں کو واپس روانہ ہوئے، اور یہ واقعہ دکی کی عوام کے عزم اور حب الوطنی کی ایک روشن مثال بن کر سامنے آیا۔