اسلام آباد، 18 نومبر 2024: پاک بحریہ کے کموڈور عاصم سہیل ملک، کمانڈر کمبائنڈ ٹاسک فورس 150 (CTF-150)، نے سری لنکن بحریہ کے ڈائریکٹر جنرل آپریشنز ریئر ایڈمرل بدھیکا لیاناگاماگے کے ساتھ آن لائن مشاورت کی۔ اس ملاقات میں سمندری سیکیورٹی کو مضبوط کرنے اور غیر قانونی بحری
سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے CTF-150 کے مشن میں سری لنکن بحریہ کے تعاون کے مزید امکانات پر غور کیا گیا۔
نیو کراچی ٹاؤن میں پانی اور سیوریج کے مسائل کے حل کے لیے حکمت عملی مرتب
کموڈور عاصم سہیل ملک نے سری لنکن نیوی کے ڈی جی آپریشنز کو CTF-150 کی 13ویں کمانڈ کے دوران پاک بحریہ کی آپریشنل سرگرمیوں سے آگاہ کیا اور نان سٹیٹ ایکٹرز کی جانب سے لاحق خطرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ دونوں فریقوں نے CTF-150 میں سری لنکن بحریہ کے اثاثوں کی ممکنہ شمولیت پر بھی اتفاق کیا، تاکہ شمالی بحیرہ عرب میں منشیات کی اسمگلنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے ساحلی ریاستوں کے ساتھ تعاون مزید مضبوط کیا جا سکے۔
کمانڈر CTF-150 نے خطے میں بحری امن اور استحکام کے لیے پاکستان بحریہ کے عزم کو اجاگر کیا اور سری لنکن نیوی کو CTF-154 کی آئندہ کمانڈ کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ مشاورت میں کمبائینڈ میری ٹائم فورسز ہیڈکوارٹرز میں پاکستان اور سری لنکا کے سینئر نمائندے اور سری لنکن بحریہ کے اہم حکام بھی شریک تھے، جس سے دونوں بحری افواج کے مضبوط دوطرفہ تعلقات اور علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی کے مشترکہ عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔