تشکر نیوز: ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس کے مطابق تھانہ سچل کے علاقے ابوالحسن اصفہانی روڈ پر الرحیم جنرل اسٹور میں ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی گئی، اور ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ ایس ایس پی ایسٹ کے بیان کے مطابق، تین مسلح موٹر سائیکل سوار ڈاکو ڈکیتی کی نیت سے اسٹور پر پہنچے، مگر علاقہ مکینوں کے شور شرابے کے باعث فرار ہونے کی کوشش کی۔
مالی سال 2024-25 کے پہلے دو ماہ میں ایف بی آر نے 1588 ارب روپے کے محصولات جمع کیے
فرار ہوتے وقت ایک ڈاکو نے فائرنگ کی، جس سے اس کا اپنا ساتھی گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔ اس دوران گشت پر موجود پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور زخمی ڈاکو کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا۔ گرفتار ڈاکو کی شناخت سید احترام اللہ ولد سید تنویر کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس نے ملزمان کے زیرِ استعمال موٹر سائیکل کو ضابطے کے تحت قبضے میں لے لیا ہے اور قانونی کارروائی جاری ہے۔ فرار ہونے والے دیگر ساتھی ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ ترجمان ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس نے بتایا کہ علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کو روکا جا سکے۔
