تشکر نیوز: صوبائی وزراء سید ناصر حسین شاہ اور سعید غنی نے اعلان کیا ہے کہ سندھ حکومت نے لوکل گورنمنٹ کونسل ایسوسی ایشن کے تحت مفت ایئر ایمبولینس سروس کا آغاز کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ آج کا دن ہمارے لیے خوشی کا باعث ہے کیونکہ ہم اپنے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کو حقیقت بنا رہے ہیں۔ سندھ میں مفت ایئر ایمبولینس سروس کے آغاز کے لیے سندھ لوکل کونسل ایسوسی ایشن اور ایئر کرافٹ کمپنی اے ایس ایس ایل کے درمیان معاہدہ کیا گیا ہے، جس سے صوبے کے عوام کو طبی سہولتیں فراہم کی جا سکیں گی۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کی زیر صدارت پولیس ٹریننگ کے لوازمات پر اہم اجلاس
اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ ایئر ایمبولینس سروس ایک اہم منصوبہ ہے جس کے ذریعے گھوٹکی، سکھر، خیرپور سے مریضوں کو کراچی منتقل کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اے ایس ایس ایل ایوی ایشن اور تین لوکل کونسلز کے درمیان معاہدہ ہوا ہے، جو کراچی سے دور 6 گھنٹے کی مسافت پر موجود شہروں سے مریضوں کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے لانے میں مدد فراہم کرے گا۔ اس سروس کے ذریعے قیمتی جانیں بچانے میں مدد ملے گی۔
صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ آج خوشی کا دن ہے کیونکہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا وژن آج مکمل ہو رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایئر ایمبولینس سروس سندھ کے مختلف شہروں جیسے حیدر آباد، تھر، نوابشاہ، اور لاڑکانہ میں بھی شروع کی جائے گی، اور بدین میں ایئر اسٹرپس پر بھی اس سروس کو توسیع دی جائے گی۔ ناصر شاہ نے صحافی جان محمد مہر کی موت کی مثال دی، جو سکھر سے کراچی منتقل ہونے میں وقت کی کمی کی وجہ سے جانبر نہ ہو سکے، اور اس ایئر ایمبولینس سروس کی ضرورت کو اجاگر کیا۔
لوکل کونسل ایسوسی ایشن سندھ کے چیئرمین سید کمیل حیدر شاہ نے کہا کہ سندھ میں ایئر ایمبولینس سروس کے آغاز سے مریضوں کو جنوبی پنجاب اور شمالی سندھ سے کراچی منتقل کیا جا سکے گا اور ان کی جان بچائی جا سکے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سندھ کی تین ڈسٹرکٹ کونسلز نے اے ایس ایس ایل ایوی ایشن کمپنی کے ساتھ معاہدہ کیا ہے، جس کے تحت کمپنی ہر ماہ 5 فلائٹس مفت فراہم کرے گی۔
ایئر کرافٹ سیلز اینڈ سروسز کے سی ای او اکبر جعفری نے کہا کہ ہم پاکستان بھر میں ایئر ایمبولینس سروس فراہم کر رہے ہیں اور اب سکھر سے کراچی کے لیے ایئر ایمبولینس سروس شروع کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سروس کے تحت سکھر، گھوٹکی، اور کشمور کے مریضوں کو کراچی منتقل کیا جائے گا، اور تمام سہولیات سے لیس ایئر کرافٹ فراہم کیا جائے گا جس میں اسٹیچر، وینٹیلیٹر، آکسیجن، ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف شامل ہوگا۔ معاہدے پر دستخط کی تقریب کے بعد یہ سروس باقاعدہ طور پر شروع کر دی گئی۔
