تشکرنیوز: بلوچستان کے مختلف اضلاع میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں اب تک 3 بچوں سمیت 11 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ 8 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بارشوں کے نقصانات کے حوالے سے ایک تفصیلی رپورٹ جاری کی ہے۔
سندھ پولیس کی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹریفک چالان کی گھر تک ترسیل کا منصوبہ
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق، حالیہ مون سون بارشوں کے دوران 11 افراد ہلاک ہوئے، جن میں 3 بچے بھی شامل ہیں۔ مختلف حادثات میں 7 بچوں سمیت کل 8 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سیلابی ریلوں کی وجہ سے 15 مکانات مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں، جبکہ 34 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ شدید بارشوں کے باعث 62 ایکڑ زرعی اراضی اور 12 کلومیٹر سڑکیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، سیلابی صورتحال کی وجہ سے 5 پلوں کو نقصان پہنچا ہے اور آسمانی بجلی گرنے اور دیگر واقعات میں 82 مویشی ہلاک ہو گئے ہیں۔ پی ڈی ایم اے کے حکام نے بتایا کہ متاثرہ اضلاع میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور بلوچستان حکومت نے شدید بارشوں سے متاثرہ 4 اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔
