تشکر نیوز: وزیراعظم شہباز شریف نے یوم شہدائے پولیس کے موقع پر شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن بہادر افسران اور اہلکاروں کی جرات اور قربانیوں کو یاد کرنے کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے شہداء قوم کا فخر ہیں، جنہوں نے جرائم کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کی قربانی دی۔ وزیراعظم نے عزم ظاہر کیا کہ حکومت شہداء کے خاندانوں کا خیال رکھے گی اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کی کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت شہداء کے بچوں کی تعلیم اور صحت کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرے گی اور شہداء کے خاندانوں کے لیے ہر طرح کی مدد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے اپنے دور وزارت اعلیٰ کے دوران شہدائے پولیس کے خاندانوں کے لیے بڑے اور تاریخی پیکیج کا بھی ذکر کیا۔
دوسری جانب، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یوم شہدائے پولیس پر اپنے پیغام میں تمام پولیس شہداء کی عظیم قربانیوں کو سراہا اور کہا کہ یہ دن بہادر سپوتوں کی لازوال قربانیوں کو یاد کرنے کا ہے۔ انہوں نے پولیس کے شہداء کو پوری قوم کا فخر قرار دیا اور قیام امن کے لیے تمام صوبوں کی پولیس کی مثالی خدمات کو سراہا۔ محسن نقوی نے شہداء کے خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ پولیس شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ ہر لمحہ کھڑے رہیں گے۔
