تشکر نیوز: عید کے موقع پر غازیان وطن نے بھی اپنے احساسات کا اظہار خیال کیا اور کہا کہ پاکستان کی حفاظت اور سلامتی کی خاطر پاک فوج کے جوانوں نے بے شمار قربانیاں دی ہیں ۔ان جوانوں کی قربانیوں کی بدولت ہی آج ہم اپنے گھروں میں امن اور تحفظ سے عید منا رہے ہیں۔ عید الاضحیٰ کے موقع پر جذبہ ایثار و قربانی سے سرشار غازیان وطن کی داستانوں نے قربانی کے حقیقی معنی سے روشناس کروایا ۔
سپاہی امام علی غازی نے بھی وطن عزیز کے لیے جان کی بازی لگا کر اپنی بے مثال محبت کا ثبوت دیا، سپاہی امام علی غازی اور ان کے اہل خانہ نے عید الاضحیٰ کے موقع پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن کے دوران پیش قدمی کرتے ہوئے ایک جگہ بلاسٹ ہوا اور میں اپنی ایک ٹانگ سے محروم ہو گیا، مجھے ابتدائی طبی امداد پہنچانے کے بعد جب جوان مجھے اٹھا کر لے جانے لگے تو ایک اور دھماکہ ہوا، بہت دشوار گزار مرحلہ تھا۔
عید الاضحیٰ کے موقع پر شہدائے وطن کو خراج تحسین
سپاہی امام علی غازی نے کہا کہ ہم سب زخمیوں کو بعد ازاں سی ایم ایچ پشاور منتقل کیا گیا، میں شکر کرتا ہوں کہ اللہ تعالی نے مجھے اس قابل بنایا کہ میں اپنے ملک کے لیے خدمات سرانجام دوں، اللّٰہ ہماری یہ قربانی قبول فرمائے۔ اس معذوری سے قبل میں ہر عید پر خود قربانی کرتا تھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے حوصلے بلند ہیں، میں ہر حال میں اللّٰہ کا شکر ادا کرتا ہوں۔
سپاہی امام علی غازی کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ مجھے اپنے شوہر پر فخر ہے جس نے اس ملک کی خاطر یہ قربانی دی، اللہ نے مجھے بیٹا دیا تو میں اسے بھی فوج میں بھرتی کرواؤں گی اور ملک کے لیے ہر طرح کی قربانی کے لئے تیار کروں گی، آج عید کے دن میرا دشمنوں کو یہی پیغام ہے کہ اگر اس ملک کو میرے شوہر کی دوبارہ ضرورت پڑے گی تو میں اسے نہیں روکوں گی۔
