تشکر نیوز: کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش اور بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ ڈان نیوز کے مطابق یونیورسٹی روڈ، بفرزون، فیدرل بی ایریا، آئی آئی چندریگر روڈ، گلستان جوہر، ملیر، کیماڑی، شاہراہ فیصل سمیت مختلف علاقوں میں بوندا باندی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
شاہراہ فیصل پر بوندا باندی کے بعد سڑکوں پر پھسلن ہوگئی جس کے باعث کئی موٹر سائیکل سوار گر کر زخمی ہوگئے، ٹریفک پولیس اہلکاروں نے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کردی۔ دوسری جانب سندھ حکومت نے صوبہ میں بارشوں کے پیش نظر کسانوں کی مدد کے لیے زرعی ایمرجنسی ریپڈ ریسپانس یونٹ بھی قائم کردیا۔
محکمہ زراعت کے تمام افسران و ملازمین کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔ سیکریٹری زراعت کا کہنا ہے کہ زرعی ایمرجنسی ریپڈ ریسپانس یونٹ کاشتکاروں اور کسانوں کو بارشوں کے دوران مدد اور آگاہی فراہم کرے گا۔ محکمہ زراعت کے فیلڈ اسسٹنٹ کاشتکاروں کے ساتھ گھر گھر جاکر کسانوں کو حفاظتی انتظامات سے متعلق معلومات فراہم کریں گے۔
سیکریٹری زراعت نے ہدایت جاری کی ہے کہ محکمہ زراعت کے تمام ڈویژنل اور ضلعی افسران اپنے دفاتر میں موجود رہیں اور کسانوں کی مدد کریں۔ یاد رہے کہ آج کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بھی آندھی کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ موسم کاحال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ آج اور کل کراچی، سکھر، لاڑکانہ سمیت سندھ کے دیگر مقامات پر آندھی اور بارش متوقع ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے سسٹم کے باعث سندھ کے مختلف علاقوں میں کہیں معتدل اور کہیں موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔ دوسری جانب شمال مشرقی بلوچستان میں بھی مغربی موسمی سسٹم اثر انداز ہونا شروع ہو گیا ہے۔
