تشکُّر نیوز رپورٹنگ،
کراچی میں موسم بدستور سرد ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک اور مزید سرد رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کےمطابق آج کراچی میں درجہ حرارت 11.1ڈگری تھا جو مارچ کے معمول سے 8.3 ڈگری کم ہے جب کہ ایک دو روز سندھ میں درجہ حرارت مارچ کے معمول سے 10ڈگری کم رہےگا،کراچی میں مارچ کا معمول کا اوسط درجہ حرارت 19.4ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔
محکمہ موسمیات کا بتانا ہےکہ کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 10 سے 12 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ 22 سے 24 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے جب کہ جمعہ سے درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں شمال مغرب کی سمت سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 3 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے جن میں نمی کا تناسب 67 فیصد ہے۔
محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ مغربی ہواؤں کا ایک اور سلسلہ 5 مارچ کو بلوچستان پر اثر انداز ہوسکتا ہے، بلوچستان پر اثر انداز ہونے والے سسٹم کے زیر اثر سندھ میں بارش کا امکان نہیں ہے، 11مارچ کو مغربی ہواؤں کا سسٹم بھی ملک پر اثرانداز ہونے کا امکان ہے، مارچ کےسسٹم سے کراچی میں بارش کی پیشگوئی قبل ازوقت ہوگی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ میں شدید سردی کی لہر میں 6 مارچ سےکمی آنےکا امکان ہے۔
