کراچی کے علاقے زرینہ کالونی میں خواجہ اجمیر نگری پولیس اور مبینہ اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔
ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کے ترجمان کے مطابق مقابلہ تھانہ خواجہ اجمیر نگری کی حدود میں گھدار بابا قبرستان کے قریب دربارِ اسحاقیہ، زرینہ کالونی سیکٹر 1/A-2 میں پیش آیا۔
گرفتار ملزمان سے اسلحہ اور موبائل فون برآمد
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت مرسلین احمد بٹ ولد خلیل احمد بٹ اور حمزہ ولد خالد اقبال کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ملزمان کے قبضے سے 30 بور کے دو پستول، ایک 70 سی سی موٹر سائیکل اور دو موبائل فون برآمد کیے گئے ہیں۔
زخمی ملزمان اسپتال منتقل
ترجمان کے مطابق پولیس نے زخمی ملزمان کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔ گرفتار ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش بھی کی جا رہی ہے۔
یہ تفصیلات ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں فراہم کی گئیں۔