ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے مسلح افواج کے اعلیٰ کمانڈروں کو ہدایت کی ہے کہ دشمن کی جانب سے کسی بھی دھمکی کا فوری جواب دیا جائے اور اس سلسلے میں جغرافیائی حدود کو رکاوٹ نہ سمجھا جائے۔
ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے پریس ٹی وی کے مطابق مجتبیٰ خامنہ ای نے مسلح افواج کے سینئر کمانڈروں کے نام اسٹریٹجک ہدایات جاری کی ہیں۔
ان ہدایات میں انہوں نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل کے دشمنانہ عزائم سے وابستہ تمام مادی اور غیر مادی اثاثے ایران کی پہنچ میں ہونے چاہییں۔
جنگ کے خاتمے کی شرائط ایران طے کرے گا، مجتبیٰ خامنہ ای
ایرانی سپریم لیڈر نے خبردار کیا کہ اگر دشمنوں نے دوبارہ فوجی یا دہشت گردانہ حملے شروع کیے تو جنگ کے خاتمے کا وقت اور شرائط ایرانی مسلح افواج اور قوم خود طے کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کا مؤثر مقابلہ کرنے کے لیے دانش مندانہ حکمت عملی اور مضبوط جنگی تیاری ضروری ہے۔
دفاعی تیاری اور ممکنہ حملوں کی روک تھام پر زور
مجتبیٰ خامنہ ای کے مطابق زیادہ سے زیادہ دفاعی روک تھام کے لیے مؤثر تیاری بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ اس کا مقصد دشمن کو کسی بھی ممکنہ حملے سے باز رکھنا ہے۔
ایرانی سپریم لیڈر کی یہ ہدایات ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب امریکا اور اسرائیل کے ساتھ ایران کی کشیدگی برقرار ہے اور خطے میں دوبارہ فوجی تصادم کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔