...

پولیس مقابلے: کراچی میں 4 مبینہ ڈاکو ہلاک، 3 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار

ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ضلع وسطی کے مختلف علاقوں میں پانچ پولیس مقابلے ہوئے۔ ان واقعات میں چار مبینہ ڈاکو ہلاک ہوئے، جبکہ تین ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔

پولیس کے مطابق، مقابلے تھانہ تیموریہ، خواجہ اجمیر نگری، نیو کراچی انڈسٹریل ایریا، گلبرگ اور حیدری مارکیٹ کی حدود میں پیش آئے۔ کارروائیوں کے دوران اسلحہ، موبائل فونز، موٹر سائیکلیں، نقد رقم اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔

تیموریہ پولیس مقابلہ: دو ملزمان ہلاک

پولیس کے مطابق، شاہین فورس تیموریہ کے اہلکاروں نے نغم چورنگی سے ڈپٹی کمشنر آفس جانے والی سڑک پر موٹر سائیکل سوار مشتبہ ملزمان کو رکنے کا اشارہ کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی۔

پولیس کی جوابی فائرنگ اور تعاقب کے دوران ڈپٹی کمشنر آفس کے قریب دونوں ملزمان ہلاک ہوگئے۔ پولیس نے ان کے قبضے سے دو پستول اور ایک موٹر سائیکل برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

خواجہ اجمیر نگری میں دو ملزمان ہلاک

پولیس کے مطابق، سیکٹر 5-B/3 میں ریاض سینیٹری اسٹور اور الحمید اسکول کے قریب شاہین فورس کا مسلح ملزمان سے مقابلہ ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے میں دو ملزمان ہلاک ہوگئے۔

پولیس نے ہلاک ملزمان کے قبضے سے دو پستول، چار موبائل فون، ایک موٹر سائیکل اور ایک بٹوا برآمد کیا۔

نیو کراچی میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار

نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس کے مطابق، منگل بازار گراؤنڈ، سیکٹر 11-G کے قریب اہلکاروں نے مشتبہ موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے فائرنگ کردی۔

پولیس کی جوابی فائرنگ سے مولا بخش ولد خدائے داد زخمی ہوگیا، جسے گرفتار کرلیا گیا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔ پولیس نے گرفتار ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول، بغیر نمبر پلیٹ موٹر سائیکل اور نقد رقم برآمد کرنے کی اطلاع دی ہے۔

گلبرگ میں کامران پرویز گرفتار

گلبرگ پولیس کے مطابق، ایف بی ایریا کے بلاک 5 میں ندی کنارے، غوثیہ مسجد کے سامنے فائرنگ کے تبادلے کے بعد کامران پرویز ولد زبیر حسین کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔

پولیس نے ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول، دو زندہ کارتوس، ریڈمی A5 موبائل فون اور ایک موٹر سائیکل برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

حیدری مارکیٹ میں شاروخ عرف شاری زخمی حالت میں گرفتار

حیدری مارکیٹ پولیس کے مطابق، نارتھ ناظم آباد کے بلاک G میں ایلگزر اسکول کے عقب میں ایک گلی کے اندر پولیس پارٹی کو دیکھ کر ملزمان نے فائرنگ کی۔ جوابی فائرنگ کے دوران شاروخ عرف شاری ولد محمد طارق زخمی ہوگیا، جسے پولیس نے گرفتار کرلیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کا نامعلوم ساتھی موٹر سائیکل پر فرار ہوگیا۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول بمعہ کارتوس اور ایک موبائل فون برآمد ہوا۔

زخمی ملزمان اور ہلاک افراد اسپتال منتقل

پولیس کے مطابق، تینوں زخمی گرفتار ملزمان کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ ہلاک افراد کی لاشیں قانونی کارروائی کے لیے اسپتال پہنچائی گئیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے سابقہ مجرمانہ ریکارڈ کی جانچ جاری ہے۔ فرار ملزمان کی تلاش اور پانچوں واقعات سے متعلق مزید قانونی کارروائی بھی کی جارہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!
Seraphinite AcceleratorOptimized by Seraphinite Accelerator
Turns on site high speed to be attractive for people and search engines.