کراچی: مہنگی ایل پی جی خریدنے والے صارفین کے لیے قیمتوں میں کمی کی امید پیدا ہوگئی ہے۔ آئندہ 48 گھنٹوں میں ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 50 روپے تک کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ایف پی سی سی آئی کی ایل پی جی اسٹینڈنگ کمیٹی کے کنوینر علی حیدر کے مطابق 16 اکتوبر تک لوڈ کیے گئے ایرانی ایل پی جی باؤزرز کو پاکستان آنے کی اجازت مل گئی ہے۔
ایران سے ایک ہزار ایل پی جی باؤزرز کی آمد متوقع
علی حیدر نے بتایا کہ ایران پاکستان سرحد پر تقریباً ایک ہزار ایل پی جی باؤزرز کھڑے ہیں۔ ان کی آمد سے مقامی مارکیٹ میں سپلائی بہتر ہونے کی توقع ہے۔
ان کے مطابق ایک ہزار باؤزرز کی درآمدی جی ڈی فائل کرنے کی اجازت بھی مل گئی ہے۔ اسی وجہ سے آئندہ 24 گھنٹوں میں قیمتوں میں کمی شروع ہوسکتی ہے۔
اکتوبر میں 22 ہزار ٹن ایل پی جی درآمد
علی حیدر کے مطابق پاکستان نے اکتوبر میں ایل پی جی کے پانچ جہاز درآمد کیے۔ اس دوران مجموعی طور پر 22 ہزار ٹن ایل پی جی پاکستان لائی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ایل پی جی کی یومیہ طلب 12 سے 13 ہزار ٹن ہے۔ کراچی میں روزانہ 4 سے 5 ہزار ٹن ایل پی جی درکار ہوتی ہے۔
اوگرا کے قیمتوں کے فارمولے پر نظرثانی کا مطالبہ
علی حیدر نے کہا کہ اوگرا کا ایل پی جی کی قیمتوں کے تعین کا موجودہ فارمولا درست نہیں ہے۔
ان کے مطابق قیمتوں کا تعین ماہانہ کے بجائے ہفتہ وار بنیادوں پر ہونا چاہیے۔ اس سے عالمی منڈی اور مقامی سپلائی میں تبدیلیوں کے مطابق نرخ مقرر کیے جاسکیں گے۔