کراچی: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے کمرشل بینک سرکل کراچی نے غیر قانونی کرنسی ڈیلنگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اسٹیڈیم روڈ پر نجی اسپتال کی پارکنگ سے غیر ملکی کرنسی برآمد کرلی۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کارروائی ڈائریکٹر کراچی زون منتظر مہدی کی ہدایات پر کی گئی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر کمرشل بینک سرکل کراچی نے آپریشن کی نگرانی کی۔
چار افراد حراست میں
ایف آئی اے کے مطابق کارروائی کے دوران چار افراد کو حراست میں لیا گیا۔ ان کی شناخت محمد بابر دوسانی، یعقوب پٹیل، احمر حسین خان اور کاشف اشرف کے نام سے ہوئی۔
حکام نے ملزمان کے قبضے سے 22 ہزار امریکی ڈالر، 40 لاکھ ایرانی ریال اور موبائل فونز برآمد کیے۔ ترجمان کے مطابق موبائل فونز میں مبینہ غیر قانونی کرنسی ڈیلنگ سے متعلق ڈیجیٹل شواہد موجود ہونے کا شبہ ہے۔
مقدمہ درج، ڈیجیٹل شواہد کا جائزہ جاری
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان اور برآمد شدہ اشیا کو ایف آئی اے پولیس اسٹیشن، کمرشل بینک سرکل کراچی منتقل کردیا گیا۔ ضروری قانونی کارروائی کے بعد مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
مقدمے میں یعقوب پٹیل، احمر حسین خان، کاشف اشرف، محمد بابر دوسانی اور مظفر علی کو نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق موبائل فونز کو ڈیجیٹل شواہد کے جائزے اور مزید تفتیش کے لیے تحویل میں لیا گیا ہے۔
کورنگی میں 18 انچ کی دھنس جانے والی سیوریج لائن تبدیل
مبینہ نیٹ ورک کی مزید تحقیقات
ترجمان کے مطابق تفتیشی ٹیم مالی روابط اور دیگر ممکنہ سہولت کاروں کا سراغ لگا رہی ہے۔ حکام مبینہ غیر قانونی سرگرمیوں کی نوعیت اور وسیع تر نیٹ ورک کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔
ایف آئی اے نے کہا ہے کہ غیر قانونی کرنسی کی خرید و فروخت اور دیگر مالی جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائیاں جاری رہیں گی۔