تشکُّر نیوز رپورٹنگ،
کراچی: مسلم لیگ (ن) نے وفاق میں حکومت سازی کے حوالے سے ابتدائی فارمولا طے کر لیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے ابتدائی فارمولا کے مطابق اگر اتحادی جماعتیں وزیر اعظم کا عہدہ مسلم لیگ (ن) کو دینے کے لیے تیار ہو جاتی ہیں تو پھر صدر اور اسپیکر کا عہدہ پاکستان پیپلز پارٹی جبکہ ڈپٹی اسپیکر کا عہدہ ایم کیو ایم پاکستان یا اتحادی حکومت میں شامل ہونے والے آزاد ارکان میں سے کسی ایک کو دیا جا سکتا ہے۔
وفاقی کابینہ میں داخلہ اور خزانہ مسلم لیگ (ن) اپنے پاس رکھ سکتی ہے تاہم دیگر وزارتوں کے تعین، وفاق میں حکومت سازی کی تشکیل کے بعد اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد کیا جا ئے گا جبکہ چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے عہدوں پر نامزدگی کا فیصلہ سینیٹ الیکشن کے بعد اتحادیوں کی مشاورت سے طے کیا جا سکتا ہے۔
اس ابتدائی فارمولے پرمسلم لیگ (ن) نے طویل مشاورت کی ہے۔ حتمی حکومت سازی کا فارمولا اتحادی جماعتوں کے ساتھ ہونے والی مزید ملاقاتوں میں طے کیا جا سکتا ہے۔ اس ابتدائی فارمولے میں تبدیلی سیاسی حالات کو دیکھ کر کی جائے گی۔