کراچی میں جناح اسپتال میں بھی شہریوں کی جیبیں محفوظ نہ رہ سکیں۔ اسپتال کے وارڈ نمبر 6 میں ایک مریض کی جیب سے موبائل فون اور نقدی چوری ہوگئی۔
واقعہ یکم اگست کو پیش آیا۔ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے۔
فوٹیج میں ایک شخص کو مریض محمد شہزاد کی جیب سے موبائل فون اور نقدی نکالتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ملزم نے ریسیپشن کے قریب کھڑے مریض کو اپنا نشانہ بنایا۔
متاثرہ شہری نے واقعے کی درخواست صدر تھانے میں جمع کرائی۔ پولیس نے درخواست وصول کرلی، تاہم متاثرہ شہری کے مطابق مقدمہ تاحال درج نہیں کیا گیا۔
صدر پولیس نے مؤقف اختیار کیا کہ ایسی وارداتوں کی ایف آئی آر درج نہیں ہوتی۔ پولیس کے مطابق یہ ہدایت ایس ایس پی ساؤتھ کی جانب سے دی گئی ہے۔
واقعے کو ایک ہفتہ گزرنے کے باوجود مقدمہ درج نہ ہونے پر متاثرہ شہری نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔