تجاوزات کراچی میں کریک ڈاؤن، 12 مبینہ بیٹرز گرفتار

تجاوزات کے خلاف کارروائی میں ضلعی انتظامیہ نے 12 مبینہ بیٹرز کو گرفتار کرلیا۔ کارروائی آرام باغ کے علاقوں کھولی گارڈن اور پلاسٹک مارکیٹ میں کی گئی۔

کمشنر کراچی کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر آرام باغ حاظم بھنگوار کی نگرانی میں آپریشن ہوا۔ انتظامیہ کے مطابق گرفتار افراد غیر قانونی تجاوزات قائم کرانے کے لیے رقم وصول کرتے تھے۔

حاظم بھنگوار نے کہا کہ بعض عناصر ٹاؤن انتظامیہ کا نام استعمال کرکے تجاوزات مافیا کی مدد کر رہے تھے۔ ایسے افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔

انہوں نے بتایا کہ آپریشن کے دوران متعدد غیر قانونی ڈھانچے بھی ہٹائے گئے۔ تجاوزات کے لیے استعمال ہونے والا سامان قبضے میں لے لیا گیا۔

انتظامیہ کے مطابق کارروائی کا مقصد شہریوں کو بہتر سفری سہولت دینا اور سرکاری اراضی کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر آرام باغ نے واضح کیا کہ صدر اور آرام باغ سب ڈویژن میں غیر قانونی قبضوں کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔

ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ تجاوزات قائم کرنے والوں کی حوصلہ افزائی نہ کریں۔ غیر قانونی سرگرمیوں کی اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!