کراچی: تجاوزات کے خلاف صدر ٹاؤن میں بڑے پیمانے پر آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران متعدد شاہراہوں اور فٹ پاتھوں سے غیر قانونی تجاوزات ہٹا کر عوام کے لیے راستے کھول دیے گئے۔
ایم سی صدر ٹاؤن کے مطابق کارروائی میونسپل کمشنر عمار خان، اسسٹنٹ کمشنر صدر غضنفر پرتاب، چیئرمین صدر ٹاؤن منصور احمد شیخ اور ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ علی اکبر مہر کی ہدایات پر کی گئی۔ ٹی ایم سی انچارج شاہنواز نے آپریشن کی نگرانی کی۔
لوڈشیڈنگ: لائنز ایریا میں بجلی کی بندش پر احتجاج، اہم شاہراہ ٹریفک کے لیے بند
آپریشن کے دوران داؤد پوتا روڈ، پریڈی اسٹریٹ، مینسن روڈ، غضنفر روڈ، ریگل چوک اور ریڈی اسٹریٹ سے غیر قانونی تجاوزات ہٹا دی گئیں۔ ٹیم نے تجاوزات کے لیے استعمال ہونے والا سامان بھی اپنی تحویل میں لے لیا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تجاوزات کی وجہ سے شہریوں، تاجروں اور ٹریفک کو مشکلات کا سامنا تھا۔ کارروائی کے بعد اہم شاہراہوں اور تجارتی مراکز میں آمدورفت معمول پر آ گئی ہے۔ مقامی شہریوں نے اس اقدام پر اطمینان کا اظہار کیا۔
حکام نے کہا کہ سرکاری اراضی، سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر دوبارہ تجاوزات قائم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی۔
انتظامیہ کے مطابق صدر ٹاؤن کو تجاوزات سے پاک رکھنے کے لیے انسدادِ تجاوزات کی مہم مستقل بنیادوں پر جاری رہے گی، تاکہ شہریوں کو محفوظ، صاف اور بہتر سفری و کاروباری ماحول میسر آ سکے۔