کراچی: آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو سے میئر سکھر ارسلان شیخ نے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں ملاقات کی۔ ملاقات میں سکھر میں امن و امان، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، سیکیورٹی اقدامات اور شہری سہولیات سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا۔
دونوں رہنماؤں نے جرائم کی مؤثر روک تھام، پولیس اور بلدیاتی اداروں کے درمیان رابطہ کاری اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بھی گفتگو کی۔ اس موقع پر شہر میں پائیدار امن کے لیے مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ پائیدار امن کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی ناگزیر ہے۔
آئی ایس پی آر سمر کیمپ: پشاور میں طلبہ نے پاک فوج کے ساتھ ایک دن گزارا
انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس ہر سطح پر عوام کی خدمت اور جرائم کے خاتمے کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتی رہے گی۔ ان کے مطابق شہریوں کو محفوظ ماحول اور بہتر سہولیات کی فراہمی حکومت کی اہم ترجیح ہے، جس کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
میئر سکھر ارسلان شیخ نے کہا کہ شہر میں امن و امان، شہری سہولیات اور ادارہ جاتی تعاون کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات حوصلہ افزا ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ بلدیاتی ادارے شہریوں کو بہتر اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے سندھ پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔