کراچی پولیس نے شہر کے علاقے جمشید کوارٹرز کی حدود میں کارروائی کرتے ہوئے مبینہ منشیات فروش اور کوکین گینگ کی مبینہ سربراہ انمول عرف پنکی کے بھائی کامران مراد کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایس پی ایسٹ زبیر نظیر شیخ کے مطابق پولیس نے انٹیلیجنس اطلاع پر گھوڑا چورنگی کے قریب کارروائی کی اور ملزم کو حراست میں لیا۔
منشیات اور دیگر سامان برآمد
پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے دو کلوگرام سے زائد اعلیٰ معیار کی چرس اور نصف کلوگرام آئس برآمد ہوئی۔
کارروائی کے دوران ایک موبائل فون، پرس، قومی شناختی کارڈ اور نقد رقم بھی قبضے میں لی گئی۔
ٹرمپ: ایران کی مفاہمتی یادداشت پر عمل نہ کرنے کے اعلان کی پروا نہیں
نیٹ ورک سے تعلق کا دعویٰ
ترجمان ایسٹ پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ ملزم کراچی کے مختلف علاقوں میں چرس، آئس اور ہیروئن کی مبینہ سپلائی میں ملوث تھا۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزم نوجوانوں کو آئس اور ہیروئن کے استعمال کی طرف راغب کرنے والے ایک نیٹ ورک کا حصہ بھی تھا۔
مقدمات درج، مزید تفتیش جاری
پولیس کے مطابق کامران مراد اس سے قبل بھی منشیات فروشی کے مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔
ملزم کے خلاف تھانہ جمشید کوارٹرز میں انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت دو مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
ترجمان ایسٹ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے انمول عرف پنکی کے مبینہ نیٹ ورک کے حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔