چینی شہری: آئی جی سندھ اور قائم مقام چینی قونصل جنرل کی ملاقات، سیکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو سے قائم مقام چینی قونصل جنرل مسٹر فینگ ڈیہینگ نے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں ملاقات کی، جس میں صوبے میں مقیم چینی شہری، چینی ماہرین اور سی پیک منصوبوں کی سیکیورٹی سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز، ڈی آئی جی اسپیشل پروٹیکشن یونٹ (ایس پی یو) اور ڈی آئی جی ٹریننگ بھی شریک تھے۔

دونوں حکام نے سندھ بھر میں چینی شہریوں، ماہرین اور سی پیک سے وابستہ منصوبوں کے لیے کیے گئے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر پاک چین تعاون، سرمایہ کاری کے فروغ اور سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے پر بھی گفتگو ہوئی۔

قائم مقام چینی قونصل جنرل فینگ ڈیہینگ نے کہا کہ پاکستان اور چین سی پیک سمیت مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے سندھ پولیس کی جانب سے چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے لیے کیے گئے اقدامات کو اطمینان بخش قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ چینی سرمایہ کار خصوصاً کراچی اور سندھ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں، جبکہ چینی شہریوں کے تحفظ کے لیے سندھ پولیس کی جانب سے علیحدہ سیکیورٹی فورس کا قیام خوش آئند اقدام ہے۔ ان کے بقول پاک چین دوستی بے مثال ہے اور مؤثر سیکیورٹی انتظامات دونوں ممالک کے باہمی اعتماد کو مزید مضبوط بناتے ہیں۔

آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ سندھ پولیس چینی شہریوں اور چینی اداروں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چینی شہریوں کے تحفظ کو مزید مؤثر بنانے کے لیے جلد مزید اہلکار اسپیشل پروٹیکشن یونٹ (ایس پی یو) کے حوالے کیے جائیں گے۔

آئی جی سندھ نے چینی سفارتکار کو صوبے میں نافذ سیکیورٹی اقدامات سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ سندھ پولیس اپنے چینی بھائیوں کو محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!