مصنوعی ذہانت کے فروغ اور نوجوانوں کی تعلیمی و فنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے حوالے سے گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے سابق قومی کرکٹ کپتان شاہد خان آفریدی نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دونوں شخصیات نے نوجوانوں کی تعلیم، کھیل، مصنوعی ذہانت (AI) اور جدید علوم کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات پر اتفاق کیا۔
گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان ملک کا قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل کے ضامن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو معیاری تعلیم، جدید ٹیکنالوجی اور کھیلوں کے بہتر مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ قومی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بچوں کو کم عمری ہی سے مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کرانا ناگزیر ہے تاکہ وہ مستقبل کے تقاضوں کے مطابق اپنی صلاحیتیں نکھار سکیں۔
اس موقع پر سابق قومی کرکٹ کپتان شاہد خان آفریدی نے گورنر ہاؤس میں جاری اے آئی سمر بوٹ کیمپ کو خوش آئند اور قابلِ تحسین اقدام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے پروگرام نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔