تشکُّر نیوز
کراچی میں آج بھی وقفے وقفے سے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات
شہر قائد میں شدید بارشوں کے بعد سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں بادل ایسے برسے کہ سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔ آئی آئی چندریگرروڈ، صدر، برنس روڈ پرفٹ پاتھ ڈوب گئے۔ نیو کراچی، ناگن چورنگی، گولیمار، گارڈن میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ شارع فیصل پرکئی مقامات پرپانی جمع ہوگیا، شہریوں کی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں بند ہوگئیں۔
ناظم آباد، لیاقت آباد، نیوکراچی میں صورت حال انتہائی خراب ہے، درجنوں گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں برساتی پانی میں ڈوب گئیں۔ پریشان حال شہریوں کی مدد کو کوئی نہ پہنچا۔ نارتھ ناظم آباد میں گرین لائن کا ٹریک بھی ڈوب گیا۔
صدر، آئی آئی چند ریگر روڈ، سندھ اسمبلی اور گورنر ہاؤس کے اطراف برساتی پانی موجود ہے، سول اسپتال کے مختلف شعبوں میں پانی داخل جناح اسپتال کا گائنی وارڈ بھی متاثر ہے۔ ملیر، گڈاپ ٹاؤن، سہراب گوٹھ، گلشن معمار، جیل چورنگی، منگھوپیر، اورنگی ٹاؤن، فیڈرل بی ایریا، اولڈ سٹی ایریا بھی برساتی پانی میں ڈوب گئے۔ کے الیکٹرک کے سینکڑوں فیڈر اور پی ایم ٹیز خراب ہوگئیں، متعدد علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے ذیادہ بارش ملیر میں 64، قائد آباد میں 52، نارتھ کراچی میں 33.6 یونیورسٹی روڈ پر29.8 جبکہ ناظم آباد میں 23 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب کراچی شہر میں آج بھی پورا دن وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ کراچی میں گزشتہ رات ہونے والی طوفانی بارش کا پانی اب بھی کئی علاقوں میں موجود ہے جبکہ شہر میں آج بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں مطلع ابر آلود ہے، آج پورے دن وقفے وقفے سے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔
بارش کے بعد حادثات
کراچی کے علاقے لائنزایریا میں کرنٹلگنے سے نوجوان جاں بحق ہوگیا، گرومندر کے قریب عمارت کا چھجا گرنے سے2افرادزخمی ہوگئے، کراچی میں کشمیر روڈ پاک چائنا پارک کی دیوار گرنے سے دو افراد زخمی ہوگئے۔
ابتدائی طور پر ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ شہر میں اب تک کسی عمارت گرنے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، ریسکیو ٹیمیں شہر کے مختلف علاقوں میں عوام کی مدد کیلئے موجود ہیں۔