تشکُّر نیوز رپورٹنگ،
راحت فتح علی خان کی ملازم کی پٹائی لگانے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی
کراچی: عالمی شہرت یافتہ گلوکار راحت فتح علی خان کا کہنا ہے کہ اپنی غلطی پر خدا اور عوام سے معافی چاہتا ہوں۔اپنے ویڈیو پیغام میں راحت فتح علی خان نے کہا کہ مجھے کسی دوسرے انسان سے ایسا سلوک نہیں کرنا چاہیے تھا۔راحت فتح علی خان نے مزید کہا کہ فن قوالی سے وابستہ اپنے خاندان سے بھی معذرت خواہ ہوں، میرے رویے سے میرے جن تعلق والوں کو تکلیف ہوئی، ان سب سے معافی مانگتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ یہ غلطی آئندہ کبھی نہیں ہوگی، یہ ویڈیو بھی 9 ماہ پرانی ہے۔واضح رہے کہ راحت فتح علی خان کی ملازم کی پٹائی لگانے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی، اس ویڈیو میں نامور گلوکار ملازم سے پانی کی بوتل کا پوچھتے رہے۔ویڈیو سے متعلق نوید حسنین نے خود کو ان کا شاگرد قرار دیتے ہوئے کہا کہ راحت فتح علی خان میرے استاد ہیں، جو بھی چل رہا ہے یہ سب جھوٹ ہے۔اس ویڈیو سے متعلق راحت فتح علی خان کا کہنا ہے کہ یہ ویڈیو ایک استاد اور شاگرد کے آپس کے معاملے کی بات ہے۔