تشکُّر نیوز رپورٹنگ،
کراچی: گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ اخبارات اور رسالے ہماری زندگیوں میں نہ صرف اہم کردار ادا کرتے ہیں، بلکہ معلومات، تعلیم اور تفریح کے ناگزیر ذرائع کے طور پر بھی کام کرتے ہیں، یہ نہ صرف ہمیں موجودہ واقعات کے بارے میں آگاہ رکھتے ہیں بلکہ دنیا کے بارے میں بھی ہماری معلومات میں اضافہ کرتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار گورنر سندھ نے ہفت روزہ نگار کی اشاعت کے 75 سال مکمل ہونے پر گورنر ہائوس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ نگراں صوبائی وزیر اطلاعات محمد احمد شاہ بھی تقریب میں موجود تھے۔ گورنر سندھ نے نگار کی اشاعت کے 75 سال مکمل ہونے پر اسلم الیاس رشیدی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہفت روزہ نگار نے آرٹ، سنیما اور معاشرتی رجحانات پر متنوع نقطہ نظر کو اجاگرکرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، اس ڈیجیٹل دور میں بھی پرنٹ میڈیا معلومات کا قابل اعتماد ذریعہ بنا ہوا ہے۔کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ ہفت روزہ نگار نے ابھرتے ہوئے فنکاروں کے لئے پلیٹ فارم کے طور پر کام کیا۔