تشکُّر نیوز رپورٹنگ،
اسکول الیکشن کے ذریعے،طلبہ میں الیکشن کی اہمیت اور شعور کو اُجاگر کیا گیا۔ماہرِتعلیم ارشد ملک
کراچی: بُرکلن سیکنڈری اسکول کا ”الیکشن تربیتی پروگرام” لائقِ تحسین و قابلِ تقلید عمل ہے۔ ان خیالات کا اظہار محمد عمران شیخ، الیکشن کمشنر، ڈسٹرکٹ ایسٹ کراچی نے اپنے خطاب میں کیا۔انہوں نے کہا کہ اسکول کے ذریعے الیکشن کے عمل کو گھر گھر پہنچانے کا یہ ایک منفرد طریقہ ہے اور شہرِ قائد میں ایک اسکول تنہا یہ کام سر انجام دے رہا ہے،۔ انہوں نے مزید کہا کہ دیگر اسکولوں کو بھی اس کی تقلید کرنی چاہیئے۔اس طرح الیکشن میں حصہ لینا اور اپنے ووٹ کو ضائع ہونے سے بچانے کے بارے میں بھی مُفید معلومات دی گئیں، کیوں کہ الیکشن میں ایک ووٹ بھی بڑی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔انہوں نے آئندہ بھی اپنی اور اپنے ادارے کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔اسکول کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ارشد ملک نے کہا کہ پروگرام میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کا تعاون اور الیکشن کمشنر کی شرکت ہی، پروگرام کی کامیابی کی دلیل ہے۔ اسکول الیکشن کا تربیتی پروگرام الیکشن کمیشن آف پاکستان اور بُرکلن سیکنڈری اسکول کے باہمی اشتراک سے طلباء و طالبات اور اساتذہ کرام کی تربیت کے لئے ترتیب دیا گیا۔اسکول الیکشن کی تربیت، طلبہ میں شعور اور آگاہی کا بہترین ذریعہ ثابت ہوگی۔ماہرِتعلیم ارشد ملک نے مزید کہا کہ پہلے مرحلے میں اساتذہ کرام اوردوسرے مرحلے میں طلبا ء و طالبات کو تربیت دی گئی۔اسکول الیکشن میں تین سو (300) سے زائد طلبہ نے ووٹنگ کے ذریعے اپنی جماعت کے ”مونیٹر اور پریفیکٹ ”کے چناؤ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔جس میں پارٹی کے نشانات کے بجائے، امیدواروں کو تحریکِ پاکستان کے رہنماؤں کے نام سے موسوم نشانات دیئے گئے۔ان گروپس کے نام جناح گروپ، اقبال گروپ، لیاقت گروپ، سرسیدگروپ، فاطمہ گروپ اور رعنا گروپ کے نام پر رکھے گئے۔ اس طرح ایک جانب با نیانِ پاکستان اور تحریکِ پاکستان کے رہنماؤں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور دوسری جانب طلباء و طالبات میں اپنے وطن سے محبت اور عقیدت کا جذبہ بھی اجاگر کیا گیا۔طلبہ کو یہ بھی سکھا یا گیا کہ ووٹ کی کیا اہمیت ہے؟ ووٹنگ کیسے کرنی ہے؟ ووٹ کوضائع ہونے سے کیسے بچایا جائے؟ انہوں نے مزید کہا کہ اُستاد بادشاہ بناتا ہے مگر وُہ خوداسُتاد ہی رہتا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر محمد عمران شیخ، الیکشن کمشنر کو ”Appreciation Award” ایوارڈبھی پیش کیا۔پرنسپل شیفونہ اشرف نے مہمانان اور حاضرین محفل کا اُن کی آمد پرخصوصی شکریہ ادا کیا۔بُرکلن سیکنڈری اسکول کے چیف ایگزیکٹیو ارشدملک، پرنسپل شیفونہ اشرف اور سینئر ایجوکیشنسٹ شفیق احمد خان نے دیگر مہمانان میں شیلڈز تقسیم کیں۔پروگرام میں طلبہ کا جوش و خروش دیدنی تھا۔انہوں نے تھوڑی تھوڑی دیر میں پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے تحریک پاکستان کی یاد تازہ کردی۔حاضرینِ محفل، والدین اور اہلِ محلہ نے بھی الیکشن کمیشن اور بُرکلن سیکنڈری اسکول کی اس کاوش کو سراہا۔آخر میں حاضرینِ محفل نے مل کر پاکستان کا قومی ترانہ پڑھا۔