تشکُّر نیوز رپورٹنگ،
سوات: سابق وزیر اعظم و قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف کا کہنا ہے کہ ماضی میں خیبر پختونخوا کے سادہ عوام کے جذبات سے کھیلا گیا۔
جلسے سے خطاب میں نواز شریف نے بانی پی ٹی آئی کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو آپ کی حالت پر ترس آتا ہے، آپ لوگ کیسے ایک شخص کے جال میں پھنس گئے؟
نواز شریف نے کہا کہ آپ لوگوں سے ایک کروڑ نوکریوں اور گھروں کا وعدہ کیا تھا، بتاؤ عوام سے جھوٹے وعدے کیوں کیے تھے؟خیبر پختونخوا کے عوام سیدھے سادے لوگ ہیں۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ آپ نے ایسے شخص کو کیوں اجازت دی جس نے ملک کو اجاڑ دیا؟ پہلے نواز شریف کو نکالے جانے دیا اور اب کہتے ہو نواز دو، پچھلا حساب تو دینا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے یا شہباز شریف کو موقع ملتا تو خیبر پختونخوا سب سے خوبصورت صوبہ ہوتا لیکن آپ ایک جال میں پھنسے، نیا پاکستان کرتے کرتے پرانا پاکستان بھی تباہ کر دیا، جن کو آپ آزما چکے ہیں ان کو آزمانا ٹھیک نہیں۔
جلسے کے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ آپ کو میری بات سمجھ آ رہی ہے یا پشتو میں بات کروں، میں ایسی پشتو بولوں گا کہ آپ لوگ بھی بھول جائیں گے۔