تشکُّر نیوز رپورٹنگ،
آرمی چیف جنرل عام منیر کی زیر صدارت کورکمانڈرزکانفرنس میں بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے پر بھی اتفاق
پاک فوج نے اتفاق کیا ہے کہ آئینی مینڈیٹ اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے تحت تفویض کردہ ہدایات کے مطابق فرائض سرانجام دے گی۔اور کسی کو بھی سیاسی سرگرمی کے نام پر تشدد کرنے اور آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے جمہوری عمل کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیرکی زیر صدارت 262ویں کورکمانڈرزکانفرنس کا انعقاد ہوا۔ جس میں عام انتخابات 2024 کے پرامن انعقاد میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی معاونت کیلئے پاکستان آرمی کی تعیناتی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ شرکاء کانفرنس نے اتفاق کیا کہ پاک فوج آئینی مینڈیٹ اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے تحت تفویض کردہ ہدایات کے مطابق فرائض سرانجام دے گی۔اور کسی کو بھی سیاسی سرگرمی کے نام پر تشدد کرنے اور آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے جمہوری عمل کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ کانفرنس نفرنس کے شرکاء کو بھارت کی جانب سے ماورائے علاقائی اور ماورائے عدالت قتل، ریاستی سرپرستی میں جاری دہشت گردی اور بھارت کی پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنانے کی گھناؤنی مہم کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ فورم نے اتفاق کیا کہ بھارت کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی اور اس کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے، اور کہا گیا کہ عالمی برادری پہلے ہی بھارت کے مجرمانہ رویے اور دنیا بھر میں قتل و غارت گری کیلئے ریاستی طاقت کے استعمال پر شدید تحفظات کا اظہار کر چکی ہے۔
شرکا ء کانفرنس نے اتفاق کیا کہ ملک کوغیرمستحکم کرنےکیلئےدشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنے والے تمام دہشتگردوں، ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کے خلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی۔ فورم نے فلسطین اور غزہ کے عوام کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے تنازعہ کے انتہائی منفی اثرات اورخطے میں پھیلاؤ کے امکانات کا بھی جائزہ لیا،اور فلسطین میں فوری جنگ بندی اور جاری تنازعہ کے پرامن حل کی فوری ضرورت کو متفقہ طور پر تسلیم کیا۔ کانفرنس کے شرکاء نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کیلئے پاکستان کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا، اور کہا گیا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق انصاف کی فراہمی تک اخلاقی، سیاسی او ر سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ فورم نے اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی، منی لانڈرنگ، بجلی چوری اور غیر قانونی تارکین وطن سمیت غیر قانونی سرگرمیوں اور مجرمانہ مافیاز کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا،اور اس طرح کے اقدامات اور ان کے معیشت اور عوام کی فلاح و بہبود پر مثبت اثرات کو بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم کو فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر بھی بریفنگ دی گئی، آرمی چیف نے فارمیشنز کمانڈرز کو پیشہ ورانہ مہارت کے معیار کو برقرار رکھنے، تربیت کے دوران بہترین کارکردگی اور فوجی جوانوں کے مورال اور بہبود پر زور دیا۔ کانفرنس میں شہریوں،شہداکی عظیم قربانیوں کوخراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ شہدا نےملک میں امن واستحکام کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔فورم نے مسلح افواج کےافسران،جوانوں،قانون نافذکرنےوالےاداروں کوخراج تحسین پیش کیا۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کورکمانڈرز کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی خود مختاری اورعلاقائی سا لمیت مقدس اورناقابل تسخیرہے،پاکستان تمام ریاستوں کےساتھ پرامن بقائے باہمی پریقین رکھتا ہے،تاہم ملکی خودمختاری،قومی عزت اورعوام کی امنگوں پر سمجھوتانہیں ہوگا۔