عالمی منڈی کے زیراثر تیل کی قیمتوں میں 10 روپے فی لیٹر تک کمی کا امکان
تشکُّر نیور
ڈیزل کی قیمت 97 ڈالر فی بیرل سے کم ہوکر 95.85 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی اور روپے کی قدر میں بہتری کے سبب پاکستان میں 16 جنوری سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق عالمی سطح پر قیمتوں میں کمی، شرح مبادلہ میں اضافے اور پریمیئم کم ہونے کے سبب 15 جنوری سے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 روپے تک کمی کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ 15 روز کے دوران عالمی مارکیٹ میں تمام پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بھی اضافہ ہوا ہے جبکہ پیٹرول کی خریداری پر پریمیئم بھی کم ہوا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران عالمی سطح پر پیٹرول کی قیمت 84.50 ڈالر فی بیرل سے کم ہوکر 83 ڈالر فی بیرل پر آ گئی ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت 97 ڈالر فی بیرل سے کم ہوکر 95.85 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔
حکام کے مطابق عالمی منڈی کے زیراثر پیٹرول کم از کم 9 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 2 روپے فی لیٹر سستا ہونے کا امکان ہے، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں بھی تقریباً 2 روپے فی لیٹر کمی متوقع ہے۔
یاد رہے کہ رواں ماہ یکم جنوری کو حکومت نے سالِ نو کے آغاز کے موقع پر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے تحت ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 276 روپے 21 پیسے اور پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 267 روپے 34 پیسے پر برقرار رکھی گئی تھی۔