شکُّر نیوز رپورٹنگ،
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ کے وقت میں توسیع کر دی۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ امیدواروں کے پاس انتخابی نشانات الاٹ کروانے کیلئے شام ساڑھے چار بجے تک کا وقت تھا،امیدوار آج شام سات بجے تک انتخابی نشانات الاٹ کروا سکتے ہیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا مزید کہنا ہے کہ امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کی سہولت کیلئے وقت میں توسیع کی گئی ہے۔
انتخابی نشان کی مکمل فہرست جاری
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی نشانات کی مکمل فہرست جاری کر دی۔
الیکشن کمیشن نے انتخابی نشانات کی فہرستیں ریٹرننگ افسران کو بھجوا دیں، سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کیلئے الگ الگ فہرستیں جاری کی گئی ہیں۔
سیاسی جماعتوں کے لئے 145 انتخابی نشان مخصوص، بلا کا نشان انتخابی فہرست میں موجود نہیں، آزاد امیدواروں کے لئے 177 انتخابی نشان بھی فہرست میں مخصوص کر دئیے گئے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے مجموعی طور پر 329 انتخابی نشانوں کی فہرست ریٹرننگ آفیسروں کو بھیج دی گئی، امیدواروں کو کل انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے۔
خیال رہے ملک بھرمیں کاغذات نامزدگی واپس لینے کا آج آخری دن ہے، الیکشن کمیشن نےامیدواروں کی سہولت کے لئے مقرر وقت میں توسیع کردی اب امیدوار آج رات نو بجے تک اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکتے ہیں۔