کوالالمپور (اسپورٹس ڈیسک) پاکستان ہاکی ٹیم نے ملائشیا میں جاری ایف آئی ایچ نیشنز ہاکی کپ کے سیمی فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد فرانس کو پنالٹی شوٹ آؤٹ پر شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
ڈان نیوز کے مطابق سیمی فائنل میں مقررہ وقت تک دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 3-3 گول سے برابر رہا۔ فرانس نے میچ ختم ہونے سے صرف تین منٹ قبل گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا تھا۔
پنالٹی شوٹ آؤٹ میں گرین شرٹس نے 2 کے مقابلے میں 3 گول اسکور کر کے فتح اپنے نام کی۔
واضح رہے کہ پاکستان ٹیم 18 جون کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 4-3 کی شکست کے باوجود بہتر گول اوسط کی بنیاد پر سیمی فائنل میں پہنچی تھی۔ اس کا سیمی فائنل تک پہنچنا ملائشیا کی جاپان کے خلاف 1-2 سے فتح پر منحصر تھا، جس کے بعد پاکستان نے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔
پاکستان اب نیشنز کپ کے فائنل میں ٹائٹل جیتنے کے لیے میدان میں اترے گا اور شائقین کو ایک شاندار مقابلے کی توقع ہے۔