نواب شاہ (بیورو رپورٹ): نیشنل پیپلز پارٹی کے چیئرمین و سابق وفاقی وزیر غلام مرتضیٰ جتوئی نے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان کے پانچ مختلف مقامات پر حملے کیے، جن میں خواتین اور بچے جاں بحق ہوئے۔ انہوں نے بھارتی کارروائی کو بزدلانہ عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہری آبادی کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک ہے۔
مرتضیٰ جتوئی نے کہا کہ پاکستان کئی سالوں سے دہشتگردی کے خلاف فرنٹ لائن اسٹیٹ کے طور پر جنگ لڑ رہا ہے اور اس میں پاک فوج کے 90 ہزار جوانوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ جعفر ایکسپریس دھماکہ ہو یا امریکا، کینیڈا، آسٹریلیا میں سکھوں کا قتل، تمام واقعات میں بھارت کا کردار واضح ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے بھارتی تین رافیل طیارے، دو دیگر جنگی طیارے اور سات ڈرون مار گرائے، جبکہ جوابی کارروائی میں بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹر اور متعدد چوکیاں تباہ ہوئیں۔ بھارت نے شکست تسلیم کرتے ہوئے چورا کمپلیکس کے مقام پر سفید جھنڈا لہرایا۔
مرتضیٰ جتوئی نے کہا کہ مودی حکومت کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں، لیکن پاکستان کے عزم اور حوصلے فولاد جیسے ہیں۔ قوم کو اپنی فوج پر ہمیشہ ناز رہا ہے اور رہے گا۔
انہوں نے 7 مئی بروز بدھ ایسرپورہ نواب شاہ میں اپنے پولیٹیکل ایڈوائزر اور سینئر صحافی کامران ابڑو کے انتقال پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ نواب شاہ میرے والد اور دادا کا حلقہ رہا ہے اور یہاں کے عوام سے میرا پرانا رشتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سندھ کے عوام پیپلز پارٹی سے نجات چاہتے ہیں تو پولنگ ڈے پر اپنے ووٹ کی حفاظت خود کریں۔
علاوہ ازیں مرتضیٰ جتوئی نے کنب، لیما جمالی، تحریک انصاف اور دیگر سیاسی و سماجی رہنماؤں کے اہل خانہ سے مختلف تعزیتیں کیں اور خیریت دریافت کی۔ ان کے ہمراہ سابق ایم پی اے ڈاکٹر احمد علی شاہ، شکیل جلبانی، فاروق لودھی، علی جان رند، پرویز چانڈیو، عالم شر، اسد ذاکر آرائیں و دیگر سیاسی شخصیات بھی موجود تھیں۔