پاکستان کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر نے حالیہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی پوسٹ سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ انہوں نے پہلگام واقعے سے متعلق کوئی بھی پوسٹ شیئر نہیں کی اور ان کے نام سے منسوب کی گئی وائرل پوسٹ جعلی ہے۔
بارش کی نذر پی ایس ایل میچ، لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ایک، ایک پوائنٹ مل گیا
ہانیہ عامر نے انسٹاگرام پر جاری اپنی اسٹوری میں کہا کہ ان سے منسوب پوسٹ جھوٹی اور نفرت انگیز ہے، اور مداحوں سے اپیل کی کہ کسی بھی سوشل میڈیا مواد پر یقین کرنے سے قبل اس کی تصدیق ضرور کریں۔
انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعہ افسوسناک ہے، اور یہ وقت سیاست یا الزام تراشی کا نہیں بلکہ انسانی ہمدردی اور حقائق کی بنیاد پر بات کرنے کا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بے گناہ انسانی جانوں کا ضیاع دل کو چیر دینے والا ہے، اور وہ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی رکھتی ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ اس قسم کے حملے دہشت گردی ہیں اور دہشت گردوں کا کوئی مذہب، قومیت یا فرقہ نہیں ہوتا۔ انہوں نے زور دیا کہ ایسے حساس وقت میں الزام تراشی نہیں بلکہ اتحاد اور حقیقت پسندی سے کشیدگی کو کم کیا جا سکتا ہے۔
خیال رہے کہ ہانیہ عامر کے نام سے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کا اسکرین شاٹ گردش کر رہا تھا جس میں بھارتی عوام سے اپیل کی گئی تھی کہ وہ پہلگام واقعے کی سزا عام پاکستانیوں کو نہ دیں۔ تاہم اس پوسٹ میں پاکستان، پاک فوج اور اسلامی تنظیموں پر الزامات بھی شامل تھے، جو نہ صرف ہانیہ کے بیانیے سے مختلف تھے بلکہ ان کی پروفائل تصویر بھی اصل سے مختلف تھی۔
اس جعلی پوسٹ کو بھارتی سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر شیئر کیا گیا، جس پر ہانیہ عامر کے مداحوں نے شدید غصے کا اظہار کیا۔ اب اداکارہ کی وضاحت کے بعد معاملے کی حقیقت سامنے آ چکی ہے۔