کراچی (تشکر نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام "پاکستان زندہ باد ریلی” کا شاندار انعقاد کیا گیا، جو ٹاور سے شروع ہو کر سندھ اسمبلی چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کی قیادت صوبائی وزیر بلدیات و صدر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی، جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری، دیگر وزراء، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، سینیٹرز اور پارٹی رہنماؤں نے کی۔ ریلی کے شرکاء نے پاکستان اور پیپلز پارٹی کے پرچم تھامے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ مارچ کیا، جس نے بعد ازاں جلسے کی شکل اختیار کرلی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ ریلی کے تین اہم مقاصد تھے:
-
یوم مئی کے موقع پر شکاگو کے شہداء کو خراج عقیدت
-
سندھ کے کینالز کے مسئلے کا مؤثر حل
-
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی جارحانہ پالیسیوں کو بھرپور جواب دینا
سعید غنی نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ کی قیادت میں کینالز کے تنازعے پر سی سی آئی میں دو ٹوک موقف اختیار کر کے سندھ کے حقوق کا کامیابی سے دفاع کیا گیا۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ صوبے اور ملک کے مفادات کی حفاظت کی ہے اور کبھی سودے بازی نہیں کی۔
مودی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ بھارت کی خفیہ ایجنسی "را” کے ایجنٹ امریکہ اور دیگر ممالک میں پکڑے جا چکے ہیں۔ مودی اپنی سیاست زندہ رکھنے کے لیے دہشت گردی کے ڈرامے خود رچوا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف بھارتی سازشوں پر پوری قوم اور تمام سیاسی جماعتیں متحد ہیں۔ اگر بھارت نے دوبارہ کسی مہم جوئی کی کوشش کی تو اس بار چائے بھی نہیں پلائی جائے گی اور نہ ہی واپسی ممکن ہوگی۔
جاوید ناگوری نے خطاب میں کہا کہ پاکستان ہماری ریڈ لائن ہے، ہماری عزت اور ہمارا فخر ہے، ہم ملک پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔