کراچی: سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی نے ہدایت جاری کی ہے کہ عیدالفطر سے قبل آن لائن بک ہونے والے تمام واٹر ٹینکرز صارفین تک پہنچائے جائیں۔ انچارج ہائیڈرنٹس سیل سید سردار شاہ کے مطابق سی ای او کی ہدایت پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا تاکہ صارفین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کی شہداء پولیس کے اہل خانہ سے ملاقات، عید کے تحائف پیش
انہوں نے مزید بتایا کہ عیدالفطر کے ایام میں عام تعطیلات کے باعث واٹر ٹینکر سروس 31 مارچ بروز پیر اور یکم اپریل بروز منگل کو عارضی طور پر معطل رہے گی، جبکہ دو اپریل بروز بدھ کو ہائیڈرنٹس کی ونڈوز سے محدود پیمانے پر ٹینکرز کی فراہمی جاری رہے گی۔ تاہم، تین اپریل بروز جمعرات سے موبائل ایپ کے ذریعے تمام ہائیڈرنٹس سے ٹینکرز سروس مکمل طور پر بحال کر دی جائے گی۔
سید سردار شاہ کا کہنا تھا کہ عید کے دوران کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں تمام ہائیڈرنٹس پر واٹر ٹینکرز اسٹینڈ بائی پر رکھے جائیں گے، جبکہ فوکل پرسن ٹو ایم ڈی برائے ہائیڈرنٹس سیل، شہباز بشیر، ہنگامی صورتحال میں ٹینکرز کی ترسیل کی نگرانی کریں گے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ پانی کے استعمال میں احتیاط کریں تاکہ کسی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ ساتھ ہی، صارفین کو ہونے والی ممکنہ تکلیف پر معذرت کا اظہار بھی کیا۔