مستونگ: بلوچستان کے ضلع مستونگ میں لک پاس کے مقام پر سردار اختر مینگل کے دھرنے کے قریب خودکش دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔
عالمی بینک کا پنجاب میں فضائی آلودگی کے خاتمے کے لیے 30 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری
میڈیا رپورٹس کے مطابق، حملہ آور دھرنے میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا، تاہم محافظوں اور کارکنوں نے اسے روک لیا، جس پر اس نے میدان میں خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ حملہ آور اپنے ساتھی کے ساتھ موٹر سائیکل پر آیا تھا، لیکن دھماکے کے بعد اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ دھماکے کی آواز دور دراز علاقوں میں بھی سنی گئی۔
سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور تفتیش کا آغاز کر دیا۔ واضح رہے کہ سردار اختر مینگل ماہ رنگ بلوچ کی گرفتاری کے خلاف احتجاجی دھرنا دیے ہوئے تھے۔
ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق، دھماکا بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے دھرنے کے قریب ہوا، مگر کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ سردار اختر مینگل اور بی این پی قیادت محفوظ ہیں اور حکومت بلوچستان گزشتہ رات سے ان کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔
بلوچستان حکومت نے اعلان کیا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں، اور عوام کو جلد انکوائری کے نتائج سے آگاہ کیا جائے گا۔ حکومت نے بی این پی قیادت سے اپیل کی ہے کہ وہ تعاون کریں اور بات چیت کے ذریعے صورتحال کو بہتر بنانے میں مدد کریں۔