سندھ حکومت کا 30 ہزار طلبہ کو گوگل کیریئر سرٹیفکیٹ اسکالرشپ دینے کا اعلان

کراچی – وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے کی 30 سرکاری جامعات کے 30 ہزار طلبہ کو گوگل کیریئر سرٹیفکیٹ اسکالرشپ دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اقدام سندھ حکومت کے ڈیجیٹل مہارتوں کے فروغ اور جدید تعلیم کی فراہمی کے عزم کا حصہ ہے۔

یوم پاکستان پر ڈی آئی جی ٹریفک کراچی کی قیادت میں بائیک ریلی کا انعقاد

اس حوالے سے سندھ حکومت، گوگل اور ٹیک ویلی کے درمیان باضابطہ معاہدہ ہوا، جس کی تقریب وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد کی گئی۔ تقریب میں وزیر تعلیم سردار شاہ، سیکریٹری ٹو سی ایم رحیم شیخ، چیئرمین سندھ ہائیر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر طارق رفیع، سیکریٹری سائنس اینڈ آئی ٹی نور احمد سموں، سیکریٹری اسکول ایجوکیشن زاہد عباسی، 30 سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز، سی ای او ٹیک ویلی عمر فاروق اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حکومت سندھ ڈیجیٹل تعلیم اور ہنر مندی میں انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔ "یہ اسکالرشپس ہمارے نوجوانوں کے روشن مستقبل میں سرمایہ کاری ہیں، جو سندھ کی سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ دیں گی۔”

یہ اقدام گزشتہ سال کے گوگل کیریئر سرٹیفکیٹس سندھ پروگرام 2024 کی کامیابی کے بعد مزید وسعت دی جا رہی ہے۔ 2024 میں 10 سرکاری جامعات کے 1,500 طلبہ کو اسکالرشپس دی گئیں، جبکہ 2025 میں یہ تعداد 30 جامعات اور 30,000 طلبہ تک بڑھا دی گئی ہے۔

طلبہ کو پروجیکٹ مینجمنٹ، سائبر سیکیورٹی، AI، اور دیگر جدید مہارتوں پر تربیت دی جائے گی، جبکہ کم مراعات یافتہ طبقات اور خواتین کے لیے خصوصی کوٹہ مختص کیا گیا ہے، جس میں 30 فیصد خواتین کو مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

یہ پروگرام پہلے ہی نمایاں کامیابیاں حاصل کر چکا ہے۔ 2024 میں 1,500 طلبہ نے گوگل کیریئر سرٹیفکیٹ مکمل کیے، جن میں سے کئی کو عالمی معیار کی کمپنیوں میں ملازمتیں ملیں۔ جامعہ سندھ کی طالبہ لینا کماری نے گوگل AI Essentials کورس مکمل کر کے انٹرن شپ حاصل کی، جسے گوگل نے عالمی سطح پر نمایاں کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ "گوگل اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ 70 ہزار سے 16 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ حاصل کر رہے ہیں۔ یہ سندھ حکومت، گوگل اور جامعات کے اشتراک کا شاندار نتیجہ ہے، جو نوجوانوں کے مستقبل کو سنوارنے میں مدد دے رہا ہے۔”

سی ای او ٹیک ویلی عمر فاروق نے اس شراکت داری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فارغ التحصیل طلبہ کو ملازمت، نیٹ ورکنگ اور رہنمائی کے مواقع فراہم کیے جائیں گے، تاکہ وہ ڈیجیٹل معیشت میں کامیاب ہو سکیں۔

58 / 100

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!