این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کی ریٹائرمنٹ پر ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نعمان احمد، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل سمیت مختلف علمی و انجینئرنگ شخصیات نے شرکت کی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کا یومِ پاکستان پر خطاب
ڈاکٹر سروش لودھی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی مادرِ علمی کو 37 برس دیے اور وہ آج بھی جامعہ کے مقروض ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ این ای ڈی یونیورسٹی ان کی پہچان اور فخر ہے، اور وہ ہمیشہ جامعہ کی خدمت کے لیے حاضر رہیں گے۔
تقریب میں جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے، جب ڈاکٹر سروش لودھی نے اپنے ساتھی اساتذہ، جامعہ کی ٹیم اور اپنے اہل خانہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے۔
جامعہ کی ترجمان فروا حسن کے مطابق ڈاکٹر سروش لودھی نے این ای ڈی یونیورسٹی سے سول انجینئرنگ میں ڈگری حاصل کی اور 37 سال تک مختلف شعبہ جات میں خدمات انجام دیں۔ وہ زلزلہ انجینئرنگ کے حوالے سے کئی تحقیقی مقالے لکھ چکے ہیں اور معروف کتاب "زلزلہ” کے مصنف بھی ہیں۔
بطور وائس چانسلر، ڈاکٹر سروش لودھی نے آٹھ سال تک اپنی خدمات سرانجام دیں، اور ان کی شاندار قیادت میں جامعہ نے ترقی کی نئی منازل طے کیں۔ ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں انہیں تمغہ حُسنِ کارکردگی سے نوازا گیا۔
تقریب میں اساتذہ اور اسٹاف کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جہاں ڈاکٹر سروش لودھی کو پھولوں کے ساتھ رخصت کیا گیا۔ آخر میں انہوں نے چارج قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر نعمان احمد کے سپرد کیا۔