پاکستان بھر میں آج یومِ پاکستان روایتی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا، جہاں وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ اس موقع پر نماز فجر میں ملکی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
یومِ پاکستان: صدر اور وزیراعظم کی قوم کو مبارکباد
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروس چیفس نے قوم کو یومِ پاکستان کی 85ویں سالگرہ پر دلی مبارکباد پیش کی۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق عسکری قیادت نے اس دن کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 23 مارچ 1940 پاکستان کی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، جس نے ایک آزاد ریاست کے قیام کی راہ متعین کی۔
عسکری قیادت نے مزید کہا کہ پاکستان جمہوری اصولوں کو ہمیشہ مقدم رکھے گا اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے پرعزم رہے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلح افواج مادرِ وطن کی خودمختاری اور مقدس سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہمیشہ تیار ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آج پاکستان عالمی برادری میں ایک باوقار اور ذمہ دار ملک کے طور پر کھڑا ہے اور امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستان ایک متحد قوم کے طور پر ترقی و خوشحالی کے سفر میں گامزن ہے، اور ہم اس امن کو برقرار رکھنے کے لیے ہمیشہ تیار رہیں گے جو ہماری قومی پہچان ہے۔ پاکستان دنیا میں امن کا پیامبر ہے اور اسے ہر حال میں محفوظ رکھا جائے گا۔