اسلام آباد: وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے بدھ کے روز اسلام آباد میں ایک خصوصی تقریب کے دوران 2025 کی شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔ اس مہم کے تحت ملک بھر میں 4 کروڑ 17 لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس میں چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان شامل ہیں۔
وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کی برکتوں کے دوران شجرکاری مہم کا آغاز ایک خوش آئند اقدام ہے، جس میں پوری قوم، خاص طور پر نوجوانوں اور کسانوں کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ درخت ماحولیاتی آلودگی کم کرنے اور بیماریوں سے بچاؤ میں مدد دیتے ہیں، جبکہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے شجرکاری کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے۔
وزیراعظم نے 2022 کے شدید سیلاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ موسمیاتی تبدیلیوں کی ایک بڑی مثال تھی، جس میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان دنیا کے ان 10 ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، حالانکہ گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں پاکستان کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ضرورت ہے تاکہ ملک کو ماحولیاتی چیلنجز سے محفوظ بنایا جا سکے۔ وزیراعظم نے قوم سے اپیل کی کہ وہ رمضان المبارک کی برکتوں سے فائدہ اٹھائیں اور ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے بھرپور محنت کریں۔
مہم کے تحت پنجاب میں 1 کروڑ 28 لاکھ 70 ہزار، سندھ میں 1 کروڑ، خیبرپختونخوا میں 26 لاکھ 33 ہزار، بلوچستان میں 20 لاکھ 62 ہزار، آزاد کشمیر میں 1 کروڑ 1 لاکھ 47 ہزار اور گلگت بلتستان میں 40 لاکھ درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔