کراچی (پریس ریلیز) – پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے ترجمان سینیٹر عاجز دھامرہ نے کراچی پریس کلب میں ایک اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی حکومت کے جانب سے چھ نئی نہروں کی تعمیر کے منصوبے پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔ پریس کانفرنس میں ان کے ہمراہ سندھ حکومت کی ترجمان سیدہ تحسین عابدی، ترجمان عبد الواحد ہالپوٹو اور پیپلز پارٹی رہنما آصف خان بھی موجود تھے۔
سندھ کے پانی کے حقوق پر کھلم کھلا خلاف ورزی
سینیٹر عاجز دھامرہ نے کہا کہ سندھ پہلے ہی پانی کی شدید قلت کا شکار ہے اور وفاق کی جانب سے بغیر مشاورت کے نئی نہروں کی تعمیر سندھ کے حقوق کی خلاف ورزی اور قومی یکجہتی کے لیے نقصان دہ ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کو مسلسل پانی کی منصفانہ تقسیم سے محروم رکھا جا رہا ہے، جو کہ وفاقی ناانصافی کی ایک اور مثال ہے۔
سندھ کو نظر انداز کرنا ناقابل قبول: سیدہ تحسین عابدی
پریس کانفرنس میں سندھ حکومت کی ترجمان سیدہ تحسین عابدی نے کہا کہ یہ فیصلہ سندھ کے وسائل پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کسی بھی ایسے منصوبے کو قبول نہیں کرے گی جو صوبے کے پانی کے حقوق کو متاثر کرے اور سندھ کو مزید مشکلات سے دوچار کرے۔
وفاقی حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ
رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ تمام فیصلے آئینی دائرے میں، بین الصوبائی مشاورت اور مساوی پانی کی تقسیم کے اصولوں کے مطابق کیے جائیں۔ انہوں نے وفاقی حکومت پر زور دیا کہ سندھ کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا فوری ازالہ کیا جائے اور پانی کے مسئلے پر ایک متفقہ حل نکالا جائے۔