اسلام آباد: قومی سلامتی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کے فیصلے پر تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے وضاحت پیش کی۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پارٹی نے متفقہ طور پر اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اور بطور چیئرمین، وہ اکیلے کوئی فیصلہ نہیں کر سکتے۔
قومی سلامتی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس، عسکری و سیاسی قیادت کی شرکت
انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی نے شرط رکھی تھی کہ اجلاس میں شرکت سے پہلے بانی سے ملاقات کرائی جائے، جس کے لیے باضابطہ طور پر خط بھی لکھا گیا تھا۔ تاہم، اس شرط پر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث اجلاس میں شرکت ممکن نہ ہوسکی۔
بیرسٹر گوہر نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ تحریک انصاف قومی سلامتی جیسے اہم معاملے پر سیاست کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی ایک سنگین مسئلہ ہے اور اس پر تمام جماعتوں کو متحد ہونا چاہیے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی نے اجلاس میں شرکت کی حامی بھری تھی اور اسپیکر قومی اسمبلی کو شرکت کرنے والے اراکین کی فہرست بھی فراہم کی تھی، تاہم آخری وقت میں پارٹی نے شرکت سے انکار کر دیا۔