(تَشَکُّر نیوز) نوشکی: بلوچستان کے علاقے نوشکی میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر خودکش حملے کے نتیجے میں 3 سیکیورٹی اہلکاروں اور 2 شہریوں سمیت 5 افراد شہید ہوگئے، جبکہ جوابی کارروائی میں 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔
سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈے کے معاملے میں جے آئی ٹی نے پی ٹی آئی کے 16 رہنماؤں کو دوبارہ طلب کرلیا
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گرد حملہ آور نے سیکیورٹی فورسز کے قافلے کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں حوالدار منظور علی، حوالدار علی بلاول، نائیک عبد الرحیم، جلال الدین اور محمد نعیم شہید ہوئے۔ شہداء کا تعلق نواب شاہ، نصیر آباد، بدین، کوئٹہ اور خاران سے تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حملے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز نے مؤثر جوابی کارروائی کی اور تین دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے جو دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور حملے کے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
پاک فوج نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سیکیورٹی فورسز اور پوری قوم بلوچستان کے امن و استحکام کے خلاف سازشیں کرنے والے دشمنوں کے خلاف متحد ہے اور شہداء کی قربانیاں قوم کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔