آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان دیرینہ دشمنی کے خاتمے کے لیے اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان امن معاہدے کا مسودہ تیار ہو چکا ہے، جسے جلد باضابطہ طور پر دستخط کیے جانے کی امید ہے۔
اداکار علی رضا کا فلم فیئر کو انٹرویو: بھارتی شوبز میں کام کی خواہش، عالیہ بھٹ کے ساتھ کام کا خواب
بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق، دونوں ممالک کے درمیان یہ معاہدہ خطے میں ایک بڑی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے، جہاں روس، یورپی یونین، امریکا اور ترکیہ جیسے بڑے ممالک اثر و رسوخ کے لیے سرگرم ہیں۔
یاد رہے کہ آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان کاراباخ کے متنازع علاقے پر دو بڑی جنگیں لڑی جا چکی ہیں، پہلی جنگ سوویت یونین کے خاتمے کے بعد اور دوسری جنگ 2020 میں ہوئی۔ بعد ازاں ستمبر 2023 میں آذربائیجان نے ایک روزہ آپریشن میں کاراباخ پر مکمل قبضہ کر لیا تھا، جس کے نتیجے میں ایک لاکھ سے زائد نسلی آرمینیائی باشندے علاقے سے فرار ہو گئے تھے۔
آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ "آرمینیا کے ساتھ امن معاہدے کے متن پر مذاکراتی عمل مکمل ہو گیا ہے۔ آرمینیا نے ان دو اہم شقوں پر بھی آذربائیجان کی تجاویز تسلیم کر لی ہیں جو پہلے متنازع تھیں۔”
آرمینیا کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بھی اس پیش رفت کی تصدیق کی گئی، جس میں کہا گیا ہے کہ "معاہدے کے مسودے پر مذاکرات مکمل ہو چکے ہیں اور اب معاہدہ دستخط کے لیے تیار ہے۔”
یہ پیش رفت خطے میں امن و استحکام کی امید پیدا کرتی ہے اور بین الاقوامی برادری کی جانب سے اس معاہدے کو بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔