قومی اسمبلی میں جعفر ایکسپریس ہائی جیکنگ پر مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور

اسلام آباد: قومی اسمبلی نے سانحہ جعفر ایکسپریس کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے متفقہ طور پر قرارداد منظور کرلی۔ یہ قرارداد وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے ایوان میں پیش کی، جس پر حکومت اور اپوزیشن سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے ارکان کے دستخط موجود تھے۔

دہشتگردی کی نئی لہر پر قومی اسمبلی میں بلاول بھٹو کا اظہارِ خیال، “دہشتگردی کے خلاف کامیابی کھو بیٹھے ہیں

قرارداد کے متن کے مطابق جعفر ایکسپریس کو ہائی جیک کرنے، معصوم شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے اور ملک کے امن و امان کو تہہ و بالا کرنے والی دہشت گردی کی کارروائیوں کی شدید مذمت کی گئی۔ ایوان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قوم دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔

قرارداد میں کہا گیا کہ کسی بھی گروہ یا فرد کو ملک کے امن، خوشحالی اور خودمختاری کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، نہ ہی ملک کی علاقائی حدود میں خوف، نفرت یا تشدد پھیلانے کی اجازت دی جائے گی۔

ایوان نے قرارداد کے ذریعے اعلان کیا کہ ملک کے کسی بھی کونے میں دہشت گردی کی کسی سرگرمی کی اجازت نہیں دی جائے گی اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے انتھک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

قرارداد میں اس سانحہ کے دوران شہید ہونے والے بہادر مرد و خواتین کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور ان کے اہل خانہ سے اظہارِ ہمدردی کیا گیا۔ مزید برآں افواجِ پاکستان، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ان کی بہادری، قربانی اور ملک کی سالمیت کے تحفظ کے لیے ادا کیے گئے کردار پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

قرارداد میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے اس واقعے میں ملوث دہشت گردوں کو بے اثر کرنے کی کامیاب کارروائیاں ہمارے دفاعی اداروں کے غیر متزلزل عزم، تیاری اور جرات کی عکاس ہیں۔

آخر میں ایوان نے اعادہ کیا کہ پاکستان کے عوام دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہیں، ہر قسم کی انتہا پسندی کو مسترد کرتے ہیں، اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک پرامن، محفوظ اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے پرعزم ہیں۔

57 / 100

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!