کراچی: ڈسٹرکٹ سٹی پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز میں ملوث دو عادی/پیشہ ور ملزمان سمیت گٹکا/ماوا سپلائر کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کو تھانہ عیدگاہ، نیپئر اور رسالہ کی حدود سے حراست میں لیا گیا۔
اے این ایف کا منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 10 گرفتار، 45 لاکھ سے زائد مالیت کی منشیات برآمد
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 2 پستول بمعہ گولیاں اور 2 کلو گٹکا/ماوا برآمد ہوا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت سراج عرف فوجی، ورون اور پرکاش کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ترجمان پولیس کے مطابق سراج عرف فوجی عادی اور پیشہ ور مجرم ہے، جو پولیس کو مختلف مقدمات میں مطلوب تھا۔ سراج اس سے قبل بھی پولیس مقابلے، ڈکیتی اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کو ٹارگٹڈ کارروائیوں کے دوران گرفتار کیا گیا اور ان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ دیگر ملزمان کے سابقہ کریمنل ریکارڈ کی چھان بین جاری ہے۔
پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے تفتیشی حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔