معروف اداکارہ، ماڈل، پروڈیوسر اور ہدایت کارہ انجلین ملک نے کینسر کے خلاف جاری جدوجہد کے دوران مداحوں اور ساتھی فنکاروں سے خصوصی دعاؤں کی درخواست کی ہے۔
اداکارہ نے 10 مارچ کو انسٹاگرام پر ایک نئی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وہ ایک اہم طبی پروسیجر کے مرحلے سے گزرنے والی ہیں اور اس وقت انہیں سب کی دعاؤں کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہسپتال میں اس پروسیجر کی تیاری کر رہی ہیں، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ یہ کس قسم کا پروسیجر ہے۔
پروسیجر کے بعد اب تک اداکارہ کی جانب سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں، لیکن مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے کی جانے والی دعاؤں اور نیک تمناؤں کی پوسٹس کو انجلین ملک نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز میں ضرور شیئر کیا ہے۔
یاد رہے کہ انجلین ملک نے فروری میں اپنی جیولری کلیکشن کی لانچ کے موقع پر اپنے کینسر کی تشخیص کا انکشاف کیا تھا اور سر کے بالوں کے بغیر اپنی تصاویر جاری کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ کینسر کے علاج سے گزر رہی ہیں۔
انجلین ملک نے یہ بھی بتایا تھا کہ ان کے کیموتھراپی کے تین سیشنز مکمل ہو چکے ہیں اور علاج جاری ہے۔ اداکارہ کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ انہیں کس قسم کا کینسر لاحق ہے اور بیماری کس اسٹیج پر ہے۔
وہ دورانِ علاج متحدہ عرب امارات (دبئی) سے تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتی رہی ہیں۔ حال ہی میں وہ فیشن شو میں بھی سر کے بالوں کے بغیر کیٹ واک کرتی نظر آئیں، جس پر انہیں خوب سراہا گیا۔
انجلین ملک نے کینسر کے خلاف اپنی ہمت اور حوصلے کی مثال پیش کی ہے اور اب وہ اپنے چاہنے والوں سے دعاؤں کی امید رکھتی ہیں۔